وزارت اعلیٰ پنجاب کا عہدہ نہیں دے سکتے، حکومت کا لیگ ق کو جواب

لاہور: حکومت نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے مطالبے پر ق لیگ کو صاف جواب دے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت اعلیٰ پنجاب کا عہدہ نہیں دے سکتے۔

گذشتہ روز ق لیگ نے ایک بار پھر حکومت کے سامنے پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا مطالبہ رکھا تھا، حکومتی وفد کو ق لیگ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا تھا کہ ہمیں کلیئر بتائیں ہمارے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں؟۔

ق لیگی قیادت کی مذاکراتی ٹیم کا موقف تھا کہ معاملہ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے کلیئر کریں،بعد میں کوئی فائدہ نہیں، جس پر وفاقی وزرا نے کہا ہم لگے ہوئے ہیں، آپ کو طے کر ہی بتائیں گے۔

تاہم اب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ق کو وزارت اعلیٰ نہیں دے سکتے، وزارت اعلیٰ کے علاوہ کسی دوسرے فارمولے پر تیارہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ق لیگ کو پیغام پہنچادیا ہے کہ ن لیگ وزارت اعلیٰ دے رہی ہے تو ضرور لے لیں۔

ہفتہ کو ہونے والے مذاکرات میں پنجاب سے متعلق ق لیگ نے واضح مؤقف حکومتی ٹیم کے سامنے رکھتے ہوئے کہا تھا کہ بطور اتحادی پہلے دن جو معاہدہ ہوا اس کو پورا نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں