اولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں کلیئرنس آپریشن مکمل کرتے ہوئے 20 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجگور اور نوشکی آپریشن میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن مکمل کر کے علاقے کو کلیئر کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے گزشتہ رات گئے نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز کے کیمپ پر حملہ کیا تھا، اہلکاروں نے دونوں حملے ناکام بناتے ہوئے مسلح افراد کی پیش قدمی روک دی تھی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ نوشکی میں جھڑپوں کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ چار سیکیورٹی اہلکاروں اور افسران نے جامِ شہادت نوش کیا۔
واضح رہے کہ دو فروری کی شب دہشت گردوں نے بلوچستان کے دو مختلف علاقوں پنجگور اور نوشکی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا تھا۔ پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ نوشکی میں دہشت گردوں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کا ’فوری جواب‘ دیا گیا۔