اوسلو(عقیل قادر)ناروےمیں اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات، قومی ائر لائن کی بندش اور دوہری شہریت کے حوالے سے پاک، ناروےفورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور صدر پاک ناروے فورم چوہدری وسیم شہزاد نے سفیر پاکستان بابر امین سے ملاقات کی ۔
ملاقات میں اسماعیل سرور بھٹیاں اور وسیم شہزاد نے سفیر پاکستان کو بتایا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی مشکلات کو اپنی پہلی ترجیح سمجھتے ہوئے آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ پاکستان کی قومی ائر لائن کا پروازوں کا آپریشن ناروے سے جلد شروع اور اوورسیز پاکستانیوں کو دو ہری شہریت دینے کے حوالے سے حکومت پاکستان نے جو اعلان کیا تھا اس پر عمل کیا جائے۔
اس کے علاوہ ناروے اورپاکستان کے درمیان کاروبار، فلاحی کاموں اورپاکستان میں اوورسیز پاکستانیوں کو پیش آنے والی مشکلات ،زمینوں پرقبضہ اور پولیس کے غیر اخلاقی روئیے پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات میں سفیر پاکستان بابر امین نے مارچ کے آخر میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والی سرمایہ کاری کانفرنس کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس کانفرنس میں زیادہ سے زیادہ نارویجن پاکستانیوں کوشامل ہونا چاہئے۔
انھوں نے ٹریول ایجنٹس کے ساتھ پاکستان میں سیاحت کے حوالےسے ہونے والی ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا اور کہا کہ پاکستان ایمبیسی پاکستان میں سیاحت کو بڑھانے اور پاکستان کی ترقی کے لیےاپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ سفیر پاکستان بابر امین نے پاک، ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں اور صدر چوہدری وسیم شہزاد کو یقین دلایا کہ ناروے اور آئس لینڈ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت اور ان کے مسائل کا فوری تدارک ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم ان مسائل کو جلد از جلد حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔