اسلام آباد(تارکین وطن نیوز)وزیراعظم عمران خان نے وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز کمیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن کو اپنا معاون خصوصی مقرر کردیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انہیں اوورسیز پاکستانی اور ہیومن ریسورسز کا معاون خصوصی برائے وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔سید طارق محمود الحسن نے اس سے پہلے 90 روز میں پنجاب اوورسیز کمیشن میں انقلابی اقدامات کیے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل اور ان کا ریلیف میری اولین ترجیح ہے۔سید طارق محمود الحسن انٹرنیشنل ریلشنز پر دو کتابوں کے مصنف ہیں، انہوں نے نارتھمپٹن یونیورسٹی (برطانیہ) سے بزنس کی ڈگری کے ساتھ قانون میں ایل ایل ایم بھی کیا ہوا ہے۔
وہ عالمی تھنک ٹینکس کے رکن رہ چکے ہیں جن میں انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار اسٹریٹجک اسٹڈیز، رائل کامن ویلتھ سوسائٹی، چاتھم ہاؤس اور رائل سوسائٹی آف آرٹس کے فیلو بھی ہیں۔