مانچسٹر( سدرہ بھٹی)مانچسٹر میں یو کے اسلامک مشن ارکان جنرل کونسل کے سیشن 2022ء کا پہلا اجلاس یوروپین اسلامک سنٹر اولڈہم مانچسٹر میں منعقد ہوا جس میں یو کے بھر سے اراکین جنرل کونسل نے شرکت کی۔
یوکے آئی ایم کا اجلاس صبح گیارہ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہا، اجلاس میں دیگر پروگراموں کے ساتھ ساتھ یو کے اسلامک مشن کے نو منتخب صدر ڈاکٹر حماد لودھی اور نئی منتخب ہونے والی شوریٰ کی تقریب حلف برداری بھی ہوئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یوکے اسلامک مشن کے نئے منتخب ہونے والے صدر ڈاکٹر حماد لودھی نے مشن کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے حوالے سے تفصیل سے روشنی ڈالی اور اہداف کے حصول کے حوالے سے ارکان کو ہدایات دیں ۔
یو کے آئی ایم سلاؤ برانچ کے اراکین ڈاکٹر محمد عارف،ڈاکٹر محمد شکیل،نظام الدین غوری، راجہ محمد یونس، برانچ سیکریٹری محمد کاشف جعفری نے بھی برانچ کے صدر ابرار حسین کی قیادت میں اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کے اختتام پر مہمانوں کو عشائیہ دیا گیا اور دعا سے اجلاس کا اختتام ہوا۔