اسٹراسبرگ(تارکین وطن نیوز)مالٹا سے تعلق رکھنے والی روبرٹا میٹسولا یورپین پارلیمنٹ کی نئی صدر منتخب ہو گئیں۔
ان کا انتخاب یورپین پارلیمنٹ کے اسٹراسبرگ میں منعقد ہونے والے اجلاس کے دوران عمل میں آیا جہاں ممبران نے آن لائن اور آف لائن دونوں طرح سے ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے 458 ووٹ حاصل کیے۔
ان کا تعلق پارلیمنٹ کے (EPP) یورپین پیپلز پارٹی گروپ سے ہے۔ روبرٹا میٹسولا اس الیکٹڈ پارلیمنٹ کی پہلی خاتون صدر ہیں۔ وہ پارلیمنٹ کی باقی ڈھائی سالہ مدت کیلئے خدمات سر انجام دیں گی۔ روبرٹا میٹسولا اب تک منتخب کیے جانے والے تمام صدور میں سے سب سے کم عمر منتخب صدر ہیں۔ ان کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ کے تمام بڑے گروپوں کے رہنماؤں نے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا ہے۔
یاد رہے کہ ان کا انتخاب اٹلی سے تعلق رکھنے والے سابق آنجہانی صدر ڈیوڈ ساسولی کے اس ماہ کی 11 تاریخ کو انتقال کے بعد کیا گیا ہے۔ ان کی زندگی میں وہ پارلیمنٹ کی نائب صدر تھیں۔ پیشے کے لحاظ سے وہ وکیل ہیں۔ وہ 2013 میں پہلی مرتبہ یورپین پارلیمنٹ کی ممبر منتخب ہوئیں۔ اتفاق ہے کہ آج ان کی سالگرہ بھی ہے۔ وہ 18 جنوری 1979 کو پیدا ہوئیں۔