فورسز پر حملہ کرنیوالے 5دہشتگرد بازار کی طرف بھاگے، تلاش جار ی ہے، ضیا لانگو

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر داخلہ بلوچستان ضیا لانگو نے کہا ہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز کے کیمپس پر حملہ کرنے والے 4سے 5 دہشت گرد لڑائی کے دوران بازار میں گئے اور اب بھی زندہ ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضیا لانگو نے بتایا کہ علاقے میں بازار بند ہے، جب تک دہشت گرد مارے نہیں جاتے بازار بند رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نوشکی میں ایف سی کیمپ پر حملہ کیاگیا، 12جوان زخمی ہیں،گزشتہ رات بھی دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی، نوشکی میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن مکمل ہوگیاہے، نوشکی میں ا یک سویلین کی ہلاکت کی بھی اطلاع ہے۔

ضیا لانگو کے مطابق پنجگور میں 7اہلکار شہید اور 12 زخمی ہوئے، پنجگور میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری ہے،پنجگور میں 4 سے 5 دہشت گرد فرار ہوئے، تلاش جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ماہ ہمیں دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے تھریٹس تھیں، دہشت گرد تنظیموں کو افغانستان سے سپورٹ مل رہی ہے، حملہ آور کون تھے،کس تنظیم سے تعلق ہے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے، آج انٹیلی جنس اداروں کااجلاس بلایا ہے، اس میں سب چیزیں سامنے آجائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں