طوبیٰ انور نے ان دعوؤں کو مسترد کردیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کے ساتھ ان کی شادی اب بھی برقرار ہے۔
سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر میں مختلف پیغامات میں طوبیٰ انور نے اس حوالے سے جواب دیتے ہوئے کہا ‘میں نے اپنے سابق شوہر سے عدالت کے ذریعے خلع حاصل کی جو کہ ایک پاکستانی شہری کے طور پر میرا آئینی حق ہے۔ قابل عزت عدالت نے خلع کا فیصلہ اسلامی جمہوریہ قانون کے تحت کیا’۔
انہوں نے کہا کہ اس سے ہٹ کر میڈیا میں جو بھی دعوے کیے جارہے ہیں وہ حقائق کے منافی ہیں اور عدالتی قوانین میں ان کی اہمیت نہیں۔
انہوں نے کہا ‘میں مسلم عالموں پر زور دیتی ہوں کہ وہ ان خواتین کے بارے میں بات کریں جو شریعت اور پاکستانی آئین کے تحت اپنے حقوق حاصل کرتی ہیں’۔
انہوں نے مزید کہا ‘اسلام خواتین کو طلاق کا حق اس وقت دیتا ہے جب شادی مزید چل نہیں کستی، جس سے خراب تعلق سے باہر نکلنے کا باعزت راستہ مل جاتا ہے، یہ ایک حق ہے گناہ نہیں’۔