طانڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان اور بنگلہ دیش کو شکست، انڈیا اور سری لنکا فائنل میں

انڈر 19 ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 22 رنز سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو دبئی میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں پاکستانی ٹیم 148 رنز کے تعاقب میں 125 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے احمد خان 36 اور محمد شہزاد 30 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ جبکہ سری لنکا کی جانب سے تریوین میتھیو نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں سری لنکن کپتان ڈیونتھ ویلالاگے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ٹھیک ثابت نہ ہوا اور دوسرے اوور میں ہی پہلی وکٹ گر گئی۔
اس کے بعد نوجوان لنکن بلے باز سنھبل نہ پائے اور 70 رنز پر آٹھ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
لیکن آخری تین کھلاڑی ٹیم کے سکور میں 77 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب رہیں اور یوں لنکن ٹیم 45 اوور میں 147 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے ذیشان ضمیر نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جبکہ شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو 103 رنز سے شکست دی ہے۔
بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے حق میں اتنا اچھا ثابت نہ ہوا اور شیخ رشید کے 90 رنز کی بدولت انڈین ٹیم 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 243 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے رقیب الحسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں 244 رنز کے تعاقب میں انڈین بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کا فائنل 31 دسمبر کو انڈیا اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں