صبح دیر سے سکول جانا بچوں اور والدین کی صحت کیلئے مفید ہے، امریکی تحقیق

امریکا میں ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ اگر بچوں کو صبح دیر سے سکول جانا ہو تو اس سے ان کی اپنی صحت کے علاوہ ان کے والدین کی صحت پر بھی اچھا اثر پڑتا ہے۔

یہ تحقیق ڈینور، کولوراڈو میں ایک نجی ادارے کے درجنوں اسکولوں میں کی گئی جہاں کنڈرگارٹن (کے جی) سے بارہویں جماعت تک کی کلاسیں شروع ہونے کا وقت صبح میں 45 منٹ سے ڈیڑھ گھنٹے تک آگے بڑھا دیا گیا جبکہ اسی حساب سے اسکول ختم ہونے کا وقت بھی تبدیل کیا گیا۔

اسکول کے اوقات میں یہ تبدیلی دو سال تک جاری رہی جبکہ اس دوران بچوں اور ان کے والدین سے روزمرہ معمولات اور صحت کی عمومی کیفیات سے متعلق سوالنامے بھی پر کروائے گئے۔

2017 میں شروع ہونے والا یہ مطالعہ 2019 میں مکمل ہوا جس میں مجموعی طور پر 55 ہزار سے زائد بچے اور ان کے والدین شریک ہوئے۔

ان معلومات اور اعداد و شمار کے محتاط تجزیئے سے پتا چلا کہ صبح اسکول شروع ہونے کا وقت صرف ایک گھنٹہ آگے بڑھانے سے بچوں کی تعلیمی کارکردگی میں نمایاں طور پر اضافہ ہوا۔

اسی کے ساتھ بچوں کے والدین نے بھی اپنی صحت بہتر محسوس کی جبکہ ملازمت اور روزمرہ کاموں کے دوران بھی انہوں نے پہلے سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

’’بچے کسی الگ خلا میں نہیں رہتے، بلکہ والدین بھی ان کے روزمرہ معمولات کا ایک لازمی حصہ ہوتے ہیں،‘‘ ڈاکٹر لیزا میلٹزر نے کہا، جو ڈینور کے نیشنل جیوئش ہیلتھ میں امراضِ اطفال کی پروفیسر اور ’’سلیپ ہیلتھ‘‘ کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والے اس مطالعے کی مرکزی مصنفہ بھی ہیں۔

ڈاکٹر لیزا کا کہنا تھا کہ اکثر بچوں کو ان کے والدین ہی صبح اسکول جانے کےلیے اٹھاتے ہیں، یعنی انہیں اپنے بچوں کے جاگنے سے پہلے ہی جاگنا پڑتا ہے۔ ’’بچوں کو جلدی اٹھانے کےلیے والدین کو بھی ان سے پہلے اٹھنا پڑے گا،‘‘ انہوں نے وضاحت کی۔

45 منٹ سے ایک گھنٹے تک روزانہ اضافی وقت کی وجہ سے والدین کو بھی اپنی نیند پوری کرنے کا بہتر موقع ملا جس کا اثر ان کی مجموعی صحت پر بھی بہت اچھا مرتب ہوا۔

اس تحقیق کی روشنی میں ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں بچوں کی تعلیم کو ایک مجموعی حیثیت سے دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ صبح کے سکولوں کا وقت تھوڑی سی دیر آگے بڑھا دینا کئی حوالوں سے مفید ثابت ہورہا ہے۔

’’مناسب نیند کا براہِ راست تعلق صحت مند دل اور درست وزن سمیت کئی ایک فوائد سے ہے۔ اگر یہ مقصد اسکول کا وقت چند منٹ آگے بڑھا کر حاصل کیا جاسکتا ہے تو میرا خیال ہے کہ اس پر غور کرنا چاہیے،‘‘ ڈاکٹر لیزا نے تجویز پیش کی۔

واضح رہے کہ یہ تحقیق ابھی حتمی نہیں بلکہ اس میں مزید بحث کی گنجائش ہے کیونکہ پوری اور بھرپور نیند لینے کا آزمودہ ترین روایتی طریقہ یہی ہے کہ بچوں اور والدین سمیت تمام گھر والے رات کو جلدی سو جائیں تاکہ صبح جلد ہی ان کی نیند پوری ہوجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں