لندن: معروف ٹک ٹاکر حریم شاہ نے منی لانڈرنگ کے الزامات کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سچی باتیں کڑوی لگتی ہیں تو ہزار بار لگیں، میں توکروں گی۔
لندن میں نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حریم شاہ کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر مجھ پر وقت ضائع کرنے کے بجائے نواز شریف کے کیس پر توجہ دیں، شہزاد اکبر، نواز شریف کو تو یہاں سے ہلا نہیں سکے، وہ یہاں اپنی زندگی مزے سے گزار رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خود مشہور ہونے کے لیے میرے خلاف خط لکھنے کی بات ہورہی ہے، پاکستانی پاسپورٹ کی قدر کے حوالے سے خبر بھی آگئی ہے، میں نے بھی تو سچی بات کی تھی، حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے پاکستانی پاسپورٹ اور کرنسی کی قدر مزید گرتی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے اور مقامی حکام سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے تعاون کرنے کے لیے تیار ہوں، لگتا ہے پاکستانیوں کے خط کو مقامی حکام پڑھتے بھی نہیں اور پھاڑ کر پھینک دیتے ہیں، جتنی بلیک منی پاکستانی سیاستدانوں کے پاس ہے اتنی بلیک منی تو پاکستان میں عوام کے پاس بھی نہیں ہے۔
حریم شاہ کا کہنا تھا کہ کہا جاتا ہے نواز شریف کو آج لے کر آئیں گے، کل لیکر آئیں گے، آج تک تو کچھ کر نہیں سکے، میں تو معمولی شخصیت ہوں، شہزاد اکبر کے خط سے خائف نہیں، لندن میں ‘چِل’ کر رہی ہوں، برطانیہ میں ثبوت چلے گا، باتیں نہیں، حکام کے رابطوں اور کیسوں سے نہیں گھبراتی،کچھ اور حقائق بھی بتاسکتی ہوں۔