لاہور:ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے انیسویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 55 رنز سے ہرادیا ہے۔
مسلسل چھٹی شکست کے باعث کراچی کنگز کی ٹورنامنٹ کے پلے آف مرحلے میں رسائی مشکل ہوگئی ہے۔
194 رنز کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بناسکی۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو پہلا نقصان اس وقت اٹھانا پڑا جب شرجیل خان 14 رنز بناکر سلمان ارشاد کی گیند پر بین کٹنگ کو کیچ دے بیٹھے۔
دوسری وکٹ کے لیے بابراعظم اور جوکلارک نے اگلے دس اوورز میں 60 رنز کی شراکت قائم کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔
کپتان بابراعظم بھی 59 رنز اسکور کرکے سلمان ارشاد کا شکار بنے۔ ان کی اننگزمیں 6 چوکے شامل تھے۔ جو کلارک نے 26 رنز بنائے۔
اس شراکت داری کے ٹوٹنے کے بعد کراچی کنگز کا کوئی بھی بیٹر زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز ہی بناسکی۔سلمان ارشاد اور وہاب ریاض نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پشاور زلمی سے ڈیبیو کرنے والے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے حضرت اللہ زازئی کے ہمراہ 97 رنز کی شراکت قائم کرکے پشاور زلمی کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
نوجوان وکٹ کیپر محمد حارث ایک سکور کی کمی سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔وہ 27 گیندوں پر 4 چھکوں اور 3 چوکوں کی بدولت 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین واپس لوٹے۔
حضرت اللہ زازئی نے ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 52 رنز سکور کیے۔
تیسرے نمبر پر میدان میں اترنے والے لیام لیونگ اسٹون چھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو تجربہ کار شعیب ملک اور بین کٹنگ نے 145 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے بالترتیب 31 اور 26 رنز بناکر ٹیم کا مجموعہ 190 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔
پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے۔ کرس جارڈن نے تین جبکہ قاسم اکرم، محمد نبی اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔