سکول جانے والے بچوں کے رکشے کی ٹریلر سے ٹکر‘ 4 بچے جاں بحق‘ 13 زخمی

بہاولپور:سکول جانے والے بچوں کے رکشے کو ٹریلرنے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 بچے جاں بحق جبکہ بچوں سمیت 13 زخمی ہو گئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے کمشنر بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی‘ جرم کے مرتکب ٹرالر کے ڈرائیور کو گرفتار کرنے کا حکم دیدیا ہے۔

بہاولپور کے نواحی علاقہ مسافر خانہ کے قریب نجی سکول جانے والے بچوں کے رکشہ کی ٹرالر سے ٹکر کے نتیجے میں 4 بچے موقع پر جاں بحق جبکہ 13 شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

یہ افسوسناک حادثہ کلانچ والا روڈ پر اسوقت پیش آیا، جب 17 بچوں سے بھرا موٹرسائیکل رکشہ شدید دھند کے باعث سامنے سے آنے والے ٹرالر کی زد میں آگیا۔

حادثے میں 4 بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 13 شدید زخمی ہوئے جن کو ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیوں نے ہسپتال منتقل کر دیا۔ ٹرالر ڈرائیو موقع سے فرار ہوگیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اذا مسافر خانہ، احمد پور شرقیہ کے قریب ٹریلر کی رکشہ کو ٹکر سے 4بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے جاں بحق بچوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا بھی اظہار کیا ہے۔

عثمان بزدار نے افسوسناک واقعے کے بارے میں کمشنر بہاولپور اور آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی اور حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم بھی دے دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے اور زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے انتظامیہ کو اسپتال پہنچ کر زخمیوں کے علاج معالجے کی خود نگرانی کی ہدایت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں