کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز سلمان بٹ نے کپتان سرفراز احمد کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اُن پر تنقید کی تو سرفراز احمد نے نام لیے بغیر سخت الفاظ میں جواب دیا۔
سلمان بٹ نے اپنا ویڈیو پیغام یوٹیوب پر شیئر کیا، جس میں انہوں نے گلیڈی ایٹرز کے کپتان کو تنقید کا نشانہ اور شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔
اپنے ویڈیو میں اُن کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد غصہ زیادہ اور بات کم کرتے ہیں، اسی وجہ سے ان کی ٹیم کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سلمان بٹ نے الزام عائد کیا کہ سرفراز احمد اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں سے کوئی مشورہ نہیں کرتے بلکہ اپنا فیصلہ اُن پر تھوپ دیتے ہیں۔
سابق بلے باز نے کہا کہ سرفراز احمد دوسرے کھلاڑیوں کی فکر چھوڑ پر اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔
اس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے سلمان بٹ کا نام لیے بغیر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ردعمل دیا۔
سرفراز احمد نے لکھا کہ ’پاکستان کو آن ڈیوٹی فروخت کرنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے گا تو پھر اللہ ہی حافظ ہے‘۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کی اس ٹویٹ پر کرکٹ شائقین اور بالخصوص اُن کے مداحوں نے تبصرے کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’سرفراز بھائی آپ کا لیول الگ ہے، ان لوگوں کے لیول پر نہ جائیں، آپ اپنی پرفارمنس سے ان کے منہ بند رکھیں‘۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک 3 میچز کھیلے، جن میں سے انہیں دو میں شکست جبکہ ایک میں فتح حاصل ہوئی ہے۔