سفارتخانہ پاکستان و قونصل خانہ اپنی کمیونٹی بالخصوص مستحق افراد کی ہر ممکن امداد کیلئے کوشاں ہے،سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر)پاک جرمن پریس کلب کے ایک وفد نے پاکستانی سفارتخانہ برلن میں سفیر ڈاکٹر محمد فیصل سے ملاقات کی۔وفد میں پاکستان جرمن پریس کلب فرینکفرٹ کے صدر پرویز سلیم بٹ ،سینئر نائب صدر نذر حسین فرینکفرٹ ،جوائنٹ سیکرٹری جاوید احمد بھٹی ،چیئرمین ظہور احمد اور مہوش ظفر شامل تھیں۔

وفد نے پاکستانی سفیر کو ان کے وعدے کے مطابق سفارتخانے کے پریس سیکشن میں تقریباً سات سال بعد پریس قونصل کی تعیناتی کااقدام مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔پاکستانی سفیر نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں میڈیا کے کردار سے روگردانی نہیں برتی جاسکتی، کیونکہ یہ معاشرے کو باخبر رکھنے، تعلیم دینے اور معاشرے کی آراء کو تشکیل دینے کا کام انجام دیتا ہے۔

نئی تکنیکوں اور جہتوں میں ترقی نے اس کا اثر ملکوں کی جغرافیائی حدود سے کہیں آگے پہنچا دیا ہے،انہوں نے صحافیوں سے ملک و قوم کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں کردار ادا کرنے پر زور دیا۔صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ پاکستانی سفارت خانہ اور قونصل خانہ کمیونٹی کو ہر ممکن اور بھرپور مدد فراہم کر رہے ہیں اور آگے بھی کرتے رہیں گے ۔

انہوں نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کی جانب سے باہمی روابط بڑھانے ، ثقافتوں کی سمجھ اور سیاحت کے فروغ سے متعلق دی گئی خصوصی ہدایات کا بھی حوالہ دیا ۔وفد نے پاکستانی سفیر کی جانب سے کی گئی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا اور ملک کا مثبت تشخص ابھارنے میں اپنی بھر پور مدد کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں