سعودی عرب اور تھائی لینڈ کے درمیان تین دہائیوں بعد سفارتی تعلقات مکمل طور پر بحال ہونے اور عالمی سطح پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تیس سال قبل 1989 میں سعودی پرنس کے محل سے قیمتی ہیروں اور نایاب اشیاء کی چوری کے معاملے پر دونوں ممالک میں سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔
دونوں ممالک میں تعلقات کے نئے دور کا آغاز تھائی وزیراعظم و وزیردفاع جنرل برایوت چن اوچا کے دورہ سعودی عرب میں ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی صورت میں آیا ہے۔
تھائی وزیراعظم کے تاریخی دورے پر مہمانان کا دارالحکومت ریاض میں پرتپاک استقبال کیا گیا اور بعدازاں ولی عہد کی جانب سے پرُتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔
دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح مذاکرات کا دور ہوا جس میں باہمی دلچسپی کے مفادات اور متعدد مسائل پر نکتہ ہائے نظر کا تبادلہ خیال کیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ جلد ہی تھائی لینڈ میں سعودی سفیر کا تقرر کیا جائے گا جب کہ رواں سال مئی میں تھائی لینڈ کے لیے سعودی پروازوں کا آغاز ہو گا۔
مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملک بین الاقوامی تنظیموں اور اداروں میں ایک دوسرے کے ساتھ یکجہتی جاری رکھیں گے۔ تھائی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ ویانا معاہدے کے تحت مملکت کے سفارتکاروں کے تحفظ کے پابند ہیں۔