پشاور:پشاور میں خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے معاملے کی متاثرہ خاتون باز گلہ کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق متاثرہ خاتون بازگلہ کاپشاورکے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ماہر نفسیات سے معائنہ کرایا گیا۔
ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق خاتون کو ڈپریشن کی بیماری ہے اور انہیں زندگی میں عدم دلچسپی کی کیفیت کا سامنا ہے، بازگلہ کو لو موڈ،توانائی اور نیندکی کمی جیسے مسائل کا بھی سامنا ہے۔
بازگلہ تین سال سے رات کو انزائٹی کی ادویات لے رہی ہے، ہسپتال کے ڈاکٹرز نے خاتون کی کونسلنگ اور سائیکو تھراپی کی اور انہیں ڈپریشن کی ادویات بھی تجویز کیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ متاثرہ خاتون کے والد کی حال ہی میں دل کے مرض کی وجہ سے موت واقع ہوئی تھی۔
بازگلہ نے ماہر نفسیات کو بتایا کہ کیل ٹھوکنے کا واقعہ جنات کا تھا، دوسری جانب پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں، بازگلہ کو علاج کے لیے 4 فروری کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پشاور میں خاتون کے سرمیں کیل ٹھوکنے کا واقعہ 8 فروری کوسامنے آیا تھا، خاتون کا لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں آپریشن کرکے کیل کو نکالا گیا تھا۔
اس واقعے میں پہلے یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ اولاد نرینہ کی خواہش پر عامل کے کہنے پر خاتون کے سر میں کیل ٹھوک دی گئی تھی لیکن بعد میں خاتون نے کہا کہ گھر میں کام کاج کے دوران جنات کی آمد ہوئی، مجھے جنات کے اثرات کی شکایت ہے، کمرے کے سامنے گری تو میرے سر میں کیل لگی اور زخمی ہوگئی۔
بعد ازاں متاثرہ خاتون کے شوہر نے دعوی کیا تھاکہ جنات نے میری اہلیہ کے سر میں کیل ٹھوکی ہے تاہم خاتون نے بیٹے کی خواہش اور جعلی عامل سے متعلق دونوں باتوں کو مسترد کردیا تھا۔