واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے۔
امریکہ کے یورپ میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار رکھنے میں کوئی سچائی نہیں ہے‘صدر پوتن کو معلوم ہے کہ نیٹو رکن ممالک کا متحد فرنٹ ہونے کی وجہ سے اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن نے روس کو خبردار کیا کہ حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے پر مغرب کی جانب سے شدید ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
جو بائیڈن نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے حالیہ الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے یورپ میں حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار رکھنے میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
دارالحکومت واشنگٹن میں کاروباری شخصیات سے ملاقات میں جو بائیڈن نے کہا کہ روس کا تو یہ بھی خیال ہے کہ یوکرین کے پاس حیاتیاتی اور کیمیائی ہتھیار موجود ہیں۔’یہ واضح اشارہ ہے کہ وہ (روس) یہ دونوں (ہتھیار) استعمال کرنے پر غور کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر پوتن کو معلوم ہے کہ نیٹو رکن ممالک کا متحد فرنٹ ہونے کی وجہ سے اس کے سنگین نتائج ہوں گے۔ تاہم جو بائیڈن نے یہ واضح نہیں کیا کہ ایسی صورت میں اتحادی ممالک کی جانب سے کیا رد عمل آ سکتا ہے۔
اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں روس کے حکام نے الزام عائد کیا تھا کہ یوکرین امریکی حمایت یافتہ کیمیائی ہتھیار چھپانے کی کوشش کر رہا ہے جس کی امریکہ سمیت یورپی ممالک نے تردید کی تھی۔
روس کے اس الزام کے بعد وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری جین پساکی نے ٹویٹ کیا تھا کہ جھوٹے دعووں کے بعد روس ممکنہ طور پر یوکرین میں کیمیائی اور حیاتیاتی ہتھیار استعمال کرنے جا رہا ہے، اس حوالے سے تمام ممالک کو ہوشیار رہنا پڑے گا۔