حب: اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکر یٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اورجمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ خان صاحب! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں, ہم نے آپ کو پہلے بھی کچھ نہیں سمجھا، اب بھی کچھ نہیں سمجھتے۔
حکمران ہِل چکے ہیں، یہ گرتی ہوئی دیوار ہیں، اِن حکمرانوں کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔
حب میں علماء کنونشن سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم کو مرغیاں، کٹے لینے کا کہا جارہا تھا کہ اس سے معیشت بہتر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کبھی امریکی نظام تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں، تباہ معیشت میں قومی سلامتی پالیسی کیسے مرتب کی جاسکتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف رخ کریں گے، آگے بڑھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت اور امن و امان تباہ ہوچکے ہیں۔ تباہ معیشت میں قومی سلامتی پالیسی کیسے مرتب کی جاسکتی ہے، ملک چلانے کے لیے عقل ہونا بھی لازمی ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب! ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں۔
انہو ں نے کہا کہ ہم جب حق کی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں آپ کا سیاست میں کیا کام ہے، عمران خان کبھی کہتے ہیں پاکستان میں چین جیسا نظام لے کر آئیں گے۔ کبھی کہتے ہیں ایران جیسا انقلاب ہونا چاہیے تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔ ان کی شکلیں دیکھو اور ریاست مدینہ کی باتیں دیکھو۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، ہمیں معلوم ہے آپ آئین کے ساتھ کس طرح مذاق کررہے ہو، پی ٹی آئی حکومت نے معیشت کو تباہ کردیا، ملکی معیشت تباہ ہے خارجہ پالیسی کی بات ہی نہ کریں۔
امیر جمعیت علمائے اسلام ف کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں مرغیاں پالو، انڈے بیچو، کہتے ہیں مجھے نکالا میں خطرناک بن جاؤں گا، ہمیں آپ سے کوئی خطرہ نہیں، ہم نے آپ کو پہلے بھی کچھ نہیں سمجھا، اب بھی کچھ نہیں سمجھتے۔