چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کی خاطر حکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔
وزیراعظم اور آرمی چیف سے اسلام آباد میں ملک کے معروف صنعت کاروں اور تاجروں نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی بھی موجود تھے۔
آرمی چیف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں، جن کا پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر میں اشتراک سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کی خاطرحکومتی پالیسیوں کے عمل درآمد میں پورا ساتھ دیں گے۔
صنعت کاروں نے حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی مکمل تائید کی اور منافع میں اضافہ کے ثمرات کو نچھلے طبقے تک منتقل کرنے کی حمایت کی جبکہ برآمدات بڑھانے، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے فروغ، ٹیکس نظام میں بہتری اور دورۂ چین کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔
ملاقات میں معروف صنعت کار ثاقب شیرازی، علی اصغر جمالی، غیاث الدین خان، سکندر مصطفیٰ، حامد زمان، شاہد عبداللہ، خرم مختار، زاہد بشیر، اعظم فاروق، خلیل ستار، عبد الرحیم اور گوہر اعجاز موجود تھے جبکہ اس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزراء شوکت ترین، اسد عمر، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، فواد چوہدری، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، وزیر مملکت فرخ حبیب، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران بھی موجود تھے۔