حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔

متنازع ٹک ٹاکر کی گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ بھاری رقم کی منتقلی کا اعتراف کررہی تھیں۔

اب ایف آئی اے نے اس ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے حریم شاہ کے خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ترجمان ایف آئی اے سندھ کے مطابق حریم شاہ کا اصل نام فضا حسین ہے، جنہوں نے 10 جنوری کی رات کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قطر (دوحا) کیلئے سفر کیا تھا اور منی لانڈرنگ سے متعلق ایک ویڈیو بنا کر شیئر کی۔

ایف آئی اے نے حریم شاہ کے ویزے، امیگریشن اور سفری دستاویزات کی تفصیلات حاصل کر کے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا، جس میں ٹک ٹاکر کے خلاف کارروائی کی استدعا بھی کی جائے گی۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ حریم شاہ کے خلاف فارن ایکسچینج قوانین کے تحت تحقیقات اور کارروائی کا آغاز کردیا جس کے سلسلے میں پاکستان کسٹمز اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس سے معلومات حاصل کی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے کرنسی کی منتقلی منی لانڈرنگ کے زمرے میں آتی ہے۔

قبل ازیں حریم شاہ کی ایک ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار بھاری رقم لے کر لندن پہنچ گئیں ہیں اور انہیں پاکستان کے ایئرپورٹ پر کسی نے نہیں روکا اور نہ روک سکتا ہے۔ ٹک ٹاکر نے کہا کہ پاکستان میں قانون صرف غریب کے لیے ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں