تمام سیاسی قافلے اسلام آباد کی جانب گامزن،شہر اقتدار میں گرمی بڑھنے لگی

کراچی: حکمران جماعت تحریک انصاف کی جانب سے امر بالمعروف کے جلسے جبکہ مسلم لیگ ن اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے مہنگائی مارچ کے سلسلے میں قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہونا شروع ہوگئے۔

جلسے اور مارچ کے حوالے سے تینوں جماعتوں کے قافلے ملک کے مختلف شہروں سے روانہ ہو رہے ہیں۔ تحریک انصاف کا 27 مارچ کو وفاقی دارالحکومت میں جلسہ ہے جبکہ مہنگائی مارچ کے لیے اپوزیشن کے قافلے 28 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

اسلام آباد میں 27 مارچ پریڈ گراؤنڈ شکر پڑیاں میں پی ٹی آئی کے جلسے، وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد، حکومت اور اپوزیشن جلسوں اور لانگ مارچ کے لیے وفاقی دارالحکومت میں اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن وامان قائم رکھنے کے لیے پنجاب سے مزید پولیس فورس اور وسائل طلب کیے گئے ہیں۔ مجموعی طور پر پنجاب پولیس کے دو ہزار افسران و جوان اسلام آباد میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے خدمات سرانجام دیں گے۔

کمشنر آفس راولپنڈی میں سیاسی جما عتوں کے جلسوں و مارچ کے پیش نظر امن و امان کے سلسلے میں خصوصی کنٹرول روم قائم کرلیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی و دیگر تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ سیکیورٹی انتظامات کو بہترین بنانے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مؤثر کر نے کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔

کنٹرول روم 24گھنٹے کام کرے گا اور یہاں متعلقہ محکموں کی جانب سے نامزد کردہ فوکل پرسنز بھی ڈیوٹی دیں گے۔ کنٹرول روم کے ذر یعے سیاسی جماعتوں کی ریلی روٹس کی مکمل نگرانی کی جائے گی۔

ڈویژن بھر میں تمام آفیسرز اور آفیشلز کی چھٹیاں منسو خ کر دی گئیں جبکہ افسران اور اسٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔

اسپتالوں میں قبل از وقت اقدامات کے تحت ایمرجنسی نافذ جبکہ سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ آفسران کی انٹری و ایگزٹ پوائنٹس پر ڈیوٹی مقرر کر دی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں