بپی لہری کے پاس بیوی سے کم سونا تھا

69 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے بالی وڈ موسیقار و گلوکار بپی لہری اپنے منفرد گانوں اور سونے کے زیورات کی وجہ سے ایک خاص پہچان رکھتے تھے۔27 نومبر 1952 کو کولکتہ میں پیدا ہونے والے بپی لہری نے تین سال کی عمر سے طبلہ بجانا سیکھ لیا تھا، بپی کو ڈسکو گانوں کا بادشاہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے تمام میوزک کمپوزر بپی دا کی صلاحیتوں کے معترف تھے۔

بپی لہری نے ایک پرانے انٹرویو میں کلائی، انگلیوں اور گلے میں سونے کے موٹے زیورات پہننے کی وجہ بتائی تھی۔ بپی لہری امریکی راک اسٹار ‘ایلوس پریسلے’ کے بہت بڑے مداح تھے جو اپنی پرفارمنس کے دوران سونے کی چین پہنتے تھے۔ ایلوس کو دیکھ کر ہی بپی نے فیصلہ کیا کہ وہ بھی اپنا ایک الگ امیج بنائیں گے اور اسی لیے انہوں نے سونا پہننا شروع کر دیا جس کی وجہ سے انہیں ہندوستان کا گولڈ مین کہا جانے لگا۔ بپی لہری سونے کو اپنے لیے خوش قسمتی کی علامت سمجھتے تھے۔

ڈسکو ڈانسر گلوکار بپی دا نے 2014 کا لوک سبھا الیکشن بھی لڑا تھا، نامزدگی کے دوران گلوکار نے اپنے پاس موجود اثاثوں بشمول سونے اور چاندی کی تفصیلات بتائی تھیں۔

اس دوران انہوں نے بتایا کہ ان کے پاس کل 752 گرام سونا اور 4.62 کلو چاندی ہے جب کہ انہوں نے یہ تفصیل 6 سال پہلے دی تھی تو ممکنہ طور پر اب تک ان کے زیوارت کی تعداد بڑھ چکی ہوگی۔

بپی لہری کے پاس 754 گرام سونا اور 4.62 کلو چاندی تھی۔ اس وقت پاکستان میں فی گرام سونے کی قیمت 10 ہزار 776 روپے ہے تو اس طرح بپی دا کے پاس تقریباً سوا 81 لاکھ روپے کا سونا اور تقریباً پونے 6 لاکھ روپے کی چاندی موجود تھی۔ کل اثاثوں کی بات کریں تو بپی لہری 47 کروڑ روپے پاکستانی کی جائیداد کے مالک تھے۔

بپی دا کی طرح ان کی بیوی چترانی لہری کو بھی سونے اور ہیروں کا شوق ہے۔ 2014 میں اس نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس بپی دا سے بھی زیادہ یعنی 967 گرام سونا، 8.9 کلو چاندی اور ہیرے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں