بلوچستان میں تخریبی کاروائیوں کے پیچھے سازش ہے، چوہدری فواد

اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں،بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔

پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا، ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے، یہ ملک مریم نواز اور بلاول بھٹو کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا بلوچستان میں پاک فوج کے جوان شہید ہوئے، ان کی فیملیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ پاک فوج کے بہادر سپاہیوں نے اس ملک کے لئے اپنے خون کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا پاکستان کا ہر فرد پاک فوج کے شہید جوانوں کا احسان مند ہے، ہم ان کی قربانیوں کا مداوا نہیں کر سکتے۔ ہمارے جوانوں نے اپنے سینوں پر گولیاں کھائیں، پوری قوم ان شہیدوں کے والدین اور ان کی فیملیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے گہری سازش ہے۔ ہمارے شہید جوانون کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے کہا پہلے بھی دشمنوں کو ناکوں چنے چبھوائے تھے، اب بھی پوری طرح تیار ہیں۔

پاکستان توڑنے کی بات کرنے والوں کے لئے واضح پیغام ہے کہ پاکستان انشاء اللہ تاقیامت قائم رہے گا۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، اپنے شہید جوانوں کے خون کا پورا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، ہم نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں لٹی پٹی معیشت ورثہ میں ملی، جب عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھا رہے تھے تو ہمارے پاس وسائل نہیں تھے، معیشت کا برا حال تھا۔ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا جو حشر کیا اس کی گواہی ان کے اپنے وزیر خزانہ نے دی۔

اسحاق ڈار اور نواز شریف نے معیشت کا کباڑہ کیا، ہم اسے نہیں بھول سکتے۔ ہم نے معیشت کی دوبارہ بنیاد رکھی، آج 100 بڑی کمپنیوں کا منافع 929 ارب روپے ہے۔

انہوں نے کہا میڈیا ہاؤسز کے منافع میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا، کچھ میڈیا مالکان نے اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے، باقی اداروں اور کمپنیوں سے بھی گذارش ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کریں۔ آج زراعت سمیت ملک میں صنعتیں اپنے پاؤں پر کھڑی ہیں۔ پاکستان کی سیاست میں کہرام مچانے کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا سینیٹ میں اپوز یشن کو برتری حاصل تھی، برتری کے باوجود اپوزیشن ناکام ہوئی۔ ثابت ہو گیا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں حکومت کو بھرپور طریقے سے اکثریت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان کے آگے اپوزیشن کی تمام جماعتیں مل کر بھی ڈھیر ہیں، تمام سیاسی جماعتوں میں عمران خان کے قد کا کوئی لیڈر نہیں۔

انہوں نے کہا ملک بلاول اور مریم کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا ن لیگ اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں چوں چوں کا مربع ہے، جس طرح انہیں سینیٹ میں شکست ہوئی یہی سلسلہ آگے بھی نظر آتا رہے گا۔ وزیراعظم کا دورہ چین اہمیت کا حامل ہوگا، اس دورہ سے پاکستان اور چین کے مابین روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا وزیراعظم اگلے چند ماہ کے دوران مزید غیر ملکی دورے کریں گے، ان دوروں سے عالمی سطح پر پاکستان کی شناخت میں مزید اضافہ ہوگا اور خارجہ پالیسی کو استحکام ملے گا۔ اس سال پاکستان کی کامیابیوں کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ مریم اور بلاول کا قد نہیں کہ وہ قومی لیڈر بن سکیں، انہیں چاہئے کہ وہ پہلے میئر کا الیکشن لڑیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں