لندن ( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف برطانیہ ساؤتھ ایسٹ زون سے تعلق رکھنے والے ممبران، ارکان اور حامیوں کی ایک کارنر میٹنگ میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ ممبران کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی عوامی مارچ کے نام پر اچھل کود اور تحریک عدم اعتماد کا لانا محض ایک شوشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق رومی ملک سابق جنرل سیکرٹری اور زاہد بٹ کی کال پر ایک کارنر میٹنگ بلائی گئی جس کی صدارت رومی ملک نے کی۔اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد اپنا یہ شوق بھی پورا کرکے دیکھ لے،عمران خان ان کی گیدڑ بھبکیوں سے ڈرنے وا لے نہیں، اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک کامیاب نہیں ہو گی۔
حکومت کے سارے اتحادی وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ساتھ ہیں۔ ووٹنگ کا جب وقت آئے گا تو سب کو پتہ چل جائے گا کہ اکثریت عمران خان کے ساتھ ہے اور وہ دوبارہ سرخرو ہونگے۔
قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں اور وہ قومی اور ملکی مفاد میں سوچتے ہیں، کامیابی انکے قدم چومے گی اور اپوزیشن کو شرمندگی اٹھانی پڑے گی۔ہم پاکستان کے وقار، سالمیت، استحکام اور سلامتی کیلئے وزیر اعظم پاکستان کے ہاتھ مضبوط کریں گے ،وہ پاکستان کی پہچان ہیں۔
دیگر شرکاء میں پی ٹی آئی کے مرکزی راہنماء محمد زاہد راجہ، بیرسٹر اختر، ساج بٹ، خان صاحب اور راجہ محمد شعیب کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ اجلاس میں پی ٹی آئی کے علاوہ دیگر مختلف پارٹیوں سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے بھی شرکت کی، اس موقع پر پُرتکلف کھانے کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔