انڈر 19 ورلڈ کپ؛ پاکستانی ٹیم کے کپتان نے تاریخ رقم کردی

انڈر 19 ورلڈ کپ میں کپتان قومی ٹیم قاسم اکرم نےنئی تاریخ رقم کرتے ہوئے یوتھ ون ڈے کی 45 سالہ تاریخ میں وہ کسی ایک میچ میں سنچری بنانے اور 5 وکٹیں اڑانے والے پہلے پلیئر بن گئے۔

نارتھ ساؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز اسکور کیے۔

اس میچ میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حسیب اللہ خان نے 136 رنز اور کپتان قاسم اکرم نے 135رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 229 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔

قاسم اکرم نے 63 گیندوں پر سنچری مکمل کرکے پاکستان کی جانب سے انڈر 19 ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 365 رنز اسکور کیے جس کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 127 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی کپتان قاسم اکرم نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ دکھایا اور 37 رنزدے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قومی ٹیم کے کپتان قاسم اکرم انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے ایک ہی میچ میں 5 وکٹیں اور سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں