بارسلونا(نمائندہ خصوصی)پاکستانی قونصل جنرل مرزا سلمان بابر نے گزشتہ روز پاکستانی قونصل میں ایک میٹنگ کا اہتمام کیا جس میں عدلیہ کے ججز، نیشنل پولیس، گواردیا سول ،موسوس دے اسکوادرا، گواردیا ارباناکے ساتھ ساتھ ڈپٹی گورنر کاتالونیاجناب کارلوس پریتو بھی اس میٹنگ میں شامل تھے جنہوں نے پاکستانی برادری کے ساتھ باہمی روابط اور دو طرفہ تعاون کےلیے قونصل جنرل کی کوششوں اور تجاویز کا خیر مقدم کیا۔
اس میٹنگ کا اہتمام قونصل جنرل نے کیا جس میں مقامی اور ملکی اداروں اور پاکستانی برادری کے درمیان ممکنہ تعاون کو بڑھانا، غلط فہمیوں کو دور کرنا ریاست کے آئین اور قانون کی پاسداری، جرائم کی روک تھام، پاکستانیوں کو درہیش مسائل کے حل کےلیے کوششوں کا اعادہ کیا گیا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے پاکستانی قونصل جنرل کےساتھ میٹنگ کو انتہائی خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداروں کے درمیان ابلاغ سے نہ صرف مسائل حل ہوں گے بلکہ باہمی تعاون اور رابطوں سے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔
آٹھ مارچ یومِ خواتین کے طور پر منایا جاتا ہے اس دن کی مناسبت سے عورتوں کے حقوق اور معاشروں کی ترقی میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ قونصل جنرل نے بتایا کی پاکستانی پارلیمان میں عورتوں کی بھر پور نمائندگی موجود ہے اس کے علاوہ کھیل ، گھر داری، تعلیم، صحت۔ فن بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں کامیابی سے اپنا سفر جاری رکھنے والی پاکستانی خواتین کا ذکر کیا ۔
انھوں نے معزز مہمانوں کو بتایا کہ اسپین میں بھی پاکستانی خواتین تعلیم اور ترقی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں جس کا اندازا اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اسپین کی یونیورسٹیز میں پاکستانی لڑکوں کے مقابلے میں لڑکیوں کی تعداد زیادہ ہے۔قونصل جنرل نے اپنی گفتگو اور پرزینٹیشن میں پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کی طرف توجہ دلائی ۔
قونصل جنرل نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور باور کرایا کہ پوری پاکستانی برادری اپنے میزبان معاشرے کی ترقی اور امن و استحکام کےلیے اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی۔