ٹینس کے عالمی نمبر ایک سربین کھلاڑی نوواک جوکووچ نے کورونا مثبت ہونے کے باوجود آئسولیشن توڑنے اور غلط بیانی کا اعتراف کرلیا۔
نوواک جوکووچ نے سوشل میڈیا پرجاری بیان میں کہاکہ میری سرگرمیوں اورتقریبات میں شرکت سے متعلق خبروں کی وضاحت ضروری ہوگئی ہے۔
انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہاکہ آسٹریلیا کیلئے ٹریول ڈیکلریشن کے بارے میں جہاں یہ بتانا تھا کہ آسٹریلیا آنے کے 14 دن کے اندر کہیں اور کا سفر کیا تھا ؟ ان کے ایجنٹ نے غلطی سے فارم پرغلط باکس پر نشان لگا دیا جو ان کی سپورٹ ٹیم کی طرف سے پیش کیا گیا تھا۔
ٹینس اسٹار کا کہنا تھاکہ اس غلطی کیلئے معذرت خواہ ہوں۔
جوکووچ نے کہا کہ سب کی حفاظت اور اپنی جانچ کی ذمہ داری کو پورا کرنے اور یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی ہے۔
اس دوران ٹینس کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی نے تسلیم کیا کہ پی سی آر ٹیسٹ کے نتائج زیر التوا ہونے کے باوجود بلغراد میں بچوں کی تقریب میں شرکت کی تھی لیکن مجھے علم نہیں تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
جوکووچ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد 18 دسمبر کو ایک فرانسیسی اخبار کو انٹرویو دیا تھا۔
دوسری جانب سربیا کی وزیر اعظم کا کہنا تھاکہ اگر جوکووچ ٹیسٹ مثبت آنے کے باوجود باہر گئے تو انہوں نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
خیال رہے کہ جوکووچ کا ویزا گزشتہ ہفتے میلبرن پہنچنے پر کورونا ویکسین کی شرائط پوری نہ کرنے پر آسٹریلوی حکام نے منسوخ کر دیا گیا تھا تاہم آسٹریلوی جج نے اسے بحال کردیا تھا۔
رپورٹس کے مطابق 34 سالہ جوکووچ کے داخلہ فارم میں کہا گیا کہ انہوں نے 6 جنوری کو آسٹریلیا آنے سے 14 دن قبل کوئی سفر نہیں کیا لیکن ایک سوشل میڈیا پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ سربین کھلاڑی 14 دن کے اندر اسپین اور سربیا میں موجود تھے۔