وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا ہےکہ خواہشات اور خواب تو بہت تھے، سب پورے نہیں ہو سکتے، اگر امریکی صدر بھی بنا دیا جائے تو انسان خوش نہیں ہوتا۔
لاہور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ایوان وزیراعلیٰ سے جاؤں گا تو بتاؤں گا کہ ایوان وزیراعلیٰ کیسے آیا؟
میرے سینے میں بہت راز ہیں ، جو راز ہی رہنے چاہئیں، بہت کہانیاں ہیں،کتاب لکھوں تو ریکارڈ فروخت ہو ، سوچ رہا ہوں کوہ سلیمان سے7 کلب کا سفر کے عنوان سے کتاب لکھوں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کرپشن کا ایک بھی کیس یا اسکینڈل نہیں بنا، اپنے دور میں سرکاری خرچ پر بیرون ملک وفد لےکر نہیں گیا.
وزیراعظم عمران خان حکم دیں تو سیاست چھوڑنےکو بھی تیار ہوں ، پارٹی نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے ان کی کامیابی یقینی بناؤں گا، کوئی بزدار گروپ نہیں صرف عمران خان کا سپاہی ہوں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں خود مستعفی ہونےکی پیشکش کی تھی،کچھ متبادل آپشنز پربات ہوئی، میں نےکہا پارٹی اور ملکی مفاد سامنے رکھنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی نے جتنا پیار دیا کبھی نہیں بھولوں گا، ارکان پنجاب اسمبلی اور بیوروکریسی کو ساتھ لےکر چلا، میرے دور میں ہونے والے کاموں کی دستاویزی فلم جلد جاری ہوگی۔