ریاض (وقار نسیم وامق) پاکستان کے وفاقی وزیر شفقت محمود چار روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان افرادی قوت کی بھرتی اور پروفیشن ٹیسٹ پروگرام سے متعلق دو معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے پاکستانی ورکرز کی بھرتی سے متعلق پاکستانی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔مملکت کی جانب سے سیکریٹری عالمی امور ڈاکٹر عدنان النعیم اور پاکستان کی طرف سے لیفٹننٹ جنرل (ر) سفیر بلال اکبر نے دستخط کیے ہیں۔
معاہدے کا مقصد پاکستان سے کارکنان کی درآمد کو منظم کرنا۔ آجروں اور اجیروں کے حقوق و فرائض کو تحفظ فراہم کرنا اور فریقین کے درمیان ملازمت کے تعلق کودرست جہت دینا ہے۔ تکامل کمپنی اورپاکستان میں پروفیشنل و تکنیکی ٹریننگ کے قومی ادارے کے درمیان پروفیشن ٹیسٹ کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے ہیں۔تکامل کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ڈاکٹر احمد یمانی اور پاکستانی وزیر تعلیم شفقت محمود نے معاہدے پر دستخط کیے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود بین الاقوامی فریقوں کے ساتھ شراکت مضبوط کرنے اور اندرون ملک و بیرون دنیا کے ساتھ اسٹراٹیجک تعلقات کی پالیسی پر گامزن ہے اور معاہدے اسی کا حصہ ہیں۔ معاہدوں پر دستخط کی تقریب پاکستان کے وزیر تعلیم شفقت محمود کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر ہوئی۔پاکستانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق کارکنوں کی بھرتی کا معاہدہ پاکستان کے ملازمین کی سعودی عرب کے بیشتر پیشوں میں منتقلی کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا۔
اس معاہدے کے تحت پاکستانی ملازمین کے حقوق کی بھی حفاظت کی جائے گی اور انہیں سعودی عرب میں قانونی حفاظت بھی فراہم کی جائے گی۔یہ معاہدہ ملازمین کو اپنے آجر، متعلقہ کمپنیوں اور ایجنسیوں کے ساتھ تنازعات حل کرنے میں بھی مدد دے گا۔ معاہدے کے تحت ہنرمند اور تصدیق شدہ ملازمین کو سعودی عرب بھیجا جائے گا۔اس سے قبل وفاقی وزیر شفقت محمود نے سعودی وزیر تعلیم حامد بن محمد الشیخ سے اہم ملاقات کی اور کووڈ 19 کے بعد آن لائن تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا شفقت محمود نے آن لائن تعلیم کے سلسلے میں سعودی عرب کے تجربے کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مملکت نے کورونا وبا کے دوران مدرستی جیسے پلیٹ فارم موثر کرکے چیلنجوں سے نمٹنے کی نئی مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات سے متعلق کہا کہ کہ دونوں دوست ملک تعلیم کے شعبے میں بھی ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کی مثال قائم کریں۔ اس موقع پر سیکریٹری تعلیم ڈاکٹر محمد المقبل نے کورونا وبا کے دوران ای ایجوکیشن اور آن لائن تعلیم کے سعودی تجربے کا تعارف کرایا۔ انہیں سیٹلائٹ سکول کے سٹوڈیوز دکھائے گئے۔ تعلیمی عمل کی نگرانی کا طریقہ کار بھی بتایا گیا۔