ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائل کا آغاز کیا گیا ہے جس کے سلسلے میں 24 اور 25 دسمبر کو ریاض کرکٹ لیگ کی گراونڈ پر کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
کرکٹ کیمپ میں سعودی قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ محمد کبیر خان شرکت کر رہے ہیں۔
کرکٹ کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے ریاض کرکٹ لیگ کے صدر حنیف بابر کا کہنا تھا کہ سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن کا یہ احسن قدم ہے جس کے ذریعے نئے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں گے اور کھلاڑیوں کو اپنا کھیل بہتر کرنے کا موقع ملے گا ۔
سعودی عرب میں حکومتی سرپرستی ملنے کے بعد کرکٹ کا کھیل اب تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور ٹیلنٹ ہنٹ ٹرائل اسی کا ایک سلسلہ ہے اور ہمارے لئے بھی یہ قابل فخر بات ہے کہ آر سی ایل اس کیمپ کی میزبانی کر رہا ہے حنیف بابر نے بتایا کہ کیمپ 24 دسمبر صبح سات سے گیارہ بجے تک اور پھر ایک بجے سے چار بجے تک رہے گا اس کے علاوہ 25 دسمبر کو بھی کیمپ صبح سات بجے سے تین بجے تک موجود رہے گا جس میں کھلاڑیوں کی فٹنس کے علاوہ ان کے کھیل کو دیکھا جائے گا۔
اسی حوالے سے ریاض کرکٹ لیگ کے ڈپٹی چیئرمین پرنس عبداللہ بن سلطان بن ناصر نے سعودی عربین کرکٹ فیڈریشن کے چیرمین پرنس سعود بن مشعال کا بھی شکریہ ادا کیا ہے کہ انہوں نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لئے ریاض کرکٹ لیگ کو میزبانی کا موقع فراہم کیا ہے۔