لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ روسی صدر نے یوکرین پر بلا اشتعال حملہ کرکے خونریزی اور تباہی کا راستہ چنا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ وہ یوکرین میں ہونے والے ہولناک واقعات سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بلااشتعال حملہ کرکے خونریزی اور تباہی کا راستہ چنا ہے جبکہ اس حوالے سے یوکرینی صدر سے بات کی ہے کہ کس طرح جواب دیں۔
بورس جانسن کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے یوکرین کے صدر سے برطانیہ اور اتحادیوں کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کا وعدہ کیا ہے۔
دوسری جانب برطانیہ کی خارجہ سیکریٹری لِز ٹرس نے ٹوئٹ کیا ہے کہ وہ ”صدر پیوٹن کی جانب سے یوکرین کے عوام پر کیے گئے بلا اشتعال حملے کی شدید مذمت کرتی ہیں“۔وہ کہتی ہیں کہ برطانیہ یوکرین کے ساتھ کھڑا ہے اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ جارحیت کے اس خوفناک اقدام کا مشترکہ جواب دے گا۔
واضح رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین کے علاقے ڈونباس میں فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے جبکہ انہوں نے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے جب اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے ایسا نہ کرنے کا پرزور مطالبہ کیا جارہا تھا۔