دبئی:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن مودی کی پالیسیاں اس مقصد کو پورا نہیں ہونے دے رہیں۔
مقبوضہ کشمیر، مسلمانوں اور اقلیتوں کے لئے مودی کی پالیسیاں ان تعلقات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں، اگر یہ رکاوٹیں نہ ہوں تو دونوں ممالک خطے میں بڑی تجارتی منڈیاں بن سکتے ہیں۔
سمندر پار پاکستانیز ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہیں، وزیراعظم عمران خان سمندر پار پاکستانیوں کی پشت پر کھڑے ہیں، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، کووڈ 19 کے بعد دنیا بھر میں قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہر ملک اس کا سامنا کر رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلف نیوز کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اپنی ٹھوس حمایت کے ذریعے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔
ہم نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا اور بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں جانے کی ضرورت کے بغیر پاسپورٹ، شناختی کارڈ اور پاور آف اٹارنی کے آن لائن حصول کو آسان بنایا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں کچھ طبقات کے لئے قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، مہنگائی عالمی مسئلہ ہے، اگرچہ عالمی معیشت اب بھی دباؤ کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان نے بہتر کارکردگی دکھائی۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں التوا کا شکار تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام کرنا چاہئے، اس منصوبہ سے دونوں ممالک میں توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پہلے ہی اس منصوبے کی توثیق کر چکی ہے اور ہم اس منصوبے پر کام کیلئے تیار ہیں۔