آن لائن کمائی لیکن کیسے ؟ خیال پارے تحریر محمد طاہر

🤔 آن لائن کمائی، لیکن کیسے؟ 🤔
میں 2016ء میں مائیکروسافٹ کے آفس میں ایک سٹارٹ اپ کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ یا یوں کہہ لیں سیکھ رہا تھا۔پرگرامنگ میرا جنون تھا اور سوفٹ ویئرز بنانا میرا خواب۔ لہذا یونیورسٹی کے برآ مدوں سے نکل کر میں ارفعہ کریم سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں واقع مائیکروسوفٹ کے دفترجا پہنچا۔وہ سال میرے لئے سیکھنے کے لحاظ سے بہترین تھا۔ میں ایک گھڑے سے نکل کر سمند ر میں جا چکا تھا۔ وہاں روزانہ کی بنیاد پر گوروں اور باہر سے آئے ہوئے آئی ٹی ماہرین سے ملاقات ہوتی اور دنیا کا ایک نیا چہرہ سامنے آتا۔

میں نے Fiverr پہ کام کرنا شروع کردیا۔ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم تھا جہاں میں نے اپنی پروفائل بنائی اور باہر کی دنیا سے موبائل ایپلیکیشنز بنانے کے آرڈر وصول کرتا۔ مجھے یاد ہے، جب میں نے ارفعہ میں ایک کمپنی کے ساتھ کام شروع کیا تو انہوں نے مجھے 25ہزار روپے ماہانہ کی آفر کی جو کہ میری امید سے زیادہ تھی، لیکن کچھ ہی مہینوں بعد، جب میں نے Fiverrپہ کام شروع کیا تو میری پہلے مہینے کی آمدنی غالبا َ َ 63ہزار سے زائد تھی۔ اور میں نے اس سے DSLRکیمرہ خریدا تھا۔
یہ سب بتانے کا مقصد، جب آپ ایک راستے پر چل نکلتے ہیں تو آپ کے لئے بہت سارے راستے کھلتے جاتے ہیں۔
اب یہاں میں آپ کو ان پلیٹ فارمز کا ذکر کروں گا جہاں پر آپ کام کرتے ہوئے پیسے کما سکتے ہیں۔

Fiverr

جیسا کہ آپ کو بتایا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر میں خود کام کرچکا ہوں تو اس کا مجھے اچھا خاصہ تجربہ ہے۔ آپ Fiverrکی ویب سائیٹ پر جائیں، فیس بک کی طرح وہاں پر اپنا پروفائل بنائیں۔ آپ نے اپنی پروفائل میں ان صلاحیتوں کا ذکر کرنا ہے جو کام آپ کرنا جانتے ہوں۔ مثال کے طور پر، گرافک ڈیزائیننگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، پروگرامنگ، کسی ایک زبان کی تحاریر کو کسی دوسری زبان میں ترجمہ کرنا، داتا دربار پہ دعائیں مانگنا سے لے کر ہزاروں ایسے کام ہیں جو آپ کرسکتے ہیں۔مجھے ایک شخص کی پروفائل دیکھ کر ہنسی آئی کہ وہ لوگوں سے دعائیں مانگنے کا آرڈر لیتا، داتا دربار جاتا اور وہاں ویڈیو ریکارڈ کر کے متعلقہ افراد کو بھیج دیتا جنہوں نے اسے دعائیں مانگنے کا آرڈر دیا ہوتا۔ اس کا طریقہ کا رکچھ ایسا ہوتا ہے، مثلاََ کوئی شخص اپنی ویڈیو ایڈیٹ کروانے کا آرڈر لگائے گا۔ اب وہاں پر ویڈیو ایڈیٹر اس آرڈر کی بولی لگائیں گے کہ یہ کام اتنے وقت اور اتنے پیسوں میں وہ کر سکتے ہیں۔ اس شخص کو جس کی بولی پسند آئے گی وہ اس کے ساتھ ڈیل اوکے کرے گا اور کام شروع۔ فائیور کے متعلق کچھ جاننے کے لئے آپ مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Upwork

یہ پلیٹ فارم بھی فائیور جیسا ہی ہے۔ لیکن یہاں پروفائل بنانا مشکل ہوتا ہے۔ آپ پروفائل کی درخواست کرتے ہیں۔ آپ کی درخواست جانچ پڑتال ہوتی ہے اور اگر آپ میں کوئی خاص صلاحیت ہے، جیسے پروگرامنگ، نیٹ ورکنگ وغیرہ وغیرہ تبھی آپ کی پروفائل قبول ہوگی وگرنہ نہیں۔ لیکن اگر اپ ورک پر آپ کی پروفائل منظور ہوگئی تو آپ کی کمائی فائیور کی نسبت تیزی سے بڑھتی جاتی ہے۔

Content Writing

یہ بھی ایک آسان کام ہے۔ بس آپ کی انگریزی اچھی ہونی چاہیے۔ آپ کو لوگ اپنی پروڈکٹس کے لئے بلاگ لکھوانے کے لئے رابطہ کریں گے، آپ اپنی اچھی انگریزی کی بدولت ایک تحریر لکھیں گے، مالک کے حوالے کریں گے اور بدلے میں ڈالرز وصول کریں گے۔ اس سلسلے میں اپ Sadia Shabbir سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ٓAmazon

پچھلے کچھ سالوں میں سب سے زیادہ ترقی کرنے والا کام ایما زون کا ہے۔ اور پاکستان میں ایمازون پر dropshippingبہت مقبول چل رہی ہے۔ ڈراپ شپنگ میں کوئی کاروباری شخص اپنا سٹور کسی شخص کے حوالے کر دیتا ہے۔ بالکل ایسا ہی، جیسا بڑے بڑے کاروبار لوگ اپنے اپنے مینجرز کے حوالے کر دیتے ہیں۔ یا اسے ایسے بھی کہہ سکتے ہیں، ایک کمپنی اپنی کوئی پراڈکٹ لانچ کرتی ہے اور اسے سپلائی کرنے کے لئے آگے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ پیسہ اور پیدا وار سب کمپنی کی، جب کہ سیل مین اسی چیز کوبیچ کر اپنا منافع اپنے پاس رکھتا ہے اور اصل رقم کمپنی مالک کے حوالے کر دیتا ہے۔ ڈراپ شپنگ بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ اس کے علاوہ آپ ایمازون پر wholesaleکا کام بھی کر سکتے ہیں۔ مثلاََ گرمیوں کا موسم شروع ہوتی ہی ایئر کنڈیشنرز کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے۔ اگر آپ کے پاس سرمایہ ہے تو آپ ایئر کنڈیشنز یا کوئی بھی چیز زیادہ تعداد میں خرید کر آگے سٹور مالکان کو سیل کرسکتے ہیں۔ اس کام کے لئے آپ کو پیسہ چاہیے ہوتا ہے جس کہ وجہ سے زیادہ تر لوگ ایمازون ڈراپ شپنگ پہ کام کرتے ہیں۔ ایمازون کے متعلق مزید رہنمائی لینے کے لئے آپ Mutasim Aslam سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

Digital Marketing

یہ بھی کمائی کا ایک آسان ذریعہ ہے۔آپ اشیاء کی سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر مارکیٹنگ کرتے ہیں اور بدلے میں پیسہ کماتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یوٹیوب، فیس بک، انسٹا گرام اور ٹک ٹاک کے بارے میں سب جانتے ہی ہوں گے کہ کیسے لوگ وہاں سے پیسہ کما رہے ہیں۔

Darazz

ایک ریڑھی بان سے لے کر سوئی دھاگہ تک اور موبائل اور کمپیوٹرز سے لے کر گاڑیوں تک، آپ دراز پر کچھ بھی بیچ سکتے ہیں۔ آپ کو سلائی ہوئی شرٹس بہت سستے داموں میں مل جاتی ہیں۔ آپ آرام سے اس کی برینڈنگ کرکے دراز پر بیچ سکتے ہیں۔ میرا چھوٹا بھائی طارق بھی کچھ مہینے تک درا ز پر کام کرتا رہا ہے۔ اس کے لئے آپ کو سرمایہ درکار ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ کے پاس سرمایہ نہیں بھی ہے تو کوئی مسئلہ نہیں۔ آپ دراز پر کوئی بھی سٹور بنائیں، اور اشیاء لگانا شروع کردیں۔ جیسے ہی آپ کو کوئی ا ٓرڈر ملے،آپ ہال روڈ (لاہور) یا اپنے قریبی ہول سیل ڈیلر سے وہ آئٹم اٹھائیں اور خریدار کو روانہ کردیں۔دو سے تین دن کے اندر آپ کو پیسے مل جائیں گے۔میں اپنی ضرورت کی؎ عموما کافی اشیاء دراز سے خریدتا ہوں۔ پچھلے مہینے میں نے پچاس ہزار مالیت کا سولر انورٹر خریدا ہے۔ میرے کئی کولیگز موبائل فون اور دیگر کئی اشیاء دراز سے خریدتے رہتے ہیں۔ وقت بھی بچ جاتا ہے اور ریٹ بھی اپنی پسند کا مل جاتا ہے۔ دراز کے بارے میں مزید جاننے کے لئے آپ Muwahid Rajpoot سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

DispatchServices

اب آتا ہوں، سب سے آسان کام کی طرف، جس میں آپ کو نہ تو کوئی پیسہ چاہیئے اور نہ ہی کوئی مہارت یا تجربہ۔ اگر ضرورت ہے تو اتنی سی کہ آپ کو اپنا دو تین منٹ کا تعارف انگریزی میں کروانا آناچاہیئے۔ آپ کی کمائی پہلے مہینے چالیس پچاس ہزار سے شروع ہوکر، کچھ ہی مہینوں میں ایک لاکھ روپے آرام سے تجاوز کر سکتی ہے۔اس کام کے لئے دوسری ضرورت آپ کا لاہور میں موجود ہونا اور رات کے وقت کام کرنا ہے۔صرف بحریہ ٹاؤن لاہور میں کم از کم تیس دفاتر اس پہ کام کر رہے ہیں جبکہ جوہر ٹاؤن کے ہر روڈ پر آپ کو ئی نہ کوئی ڈسپیچ سروسز کا دفتر مل جائے گا۔

مجھے اپنے ویڈیو سٹوڈیو کے لئے کچھ لائیٹ درکار تھیں۔ میں نے ایک ویڈیو گرافر سے پوچھا، اس نے کہا جناب یہ چیزیں تجربہ سے حاصل ہوتی ہیں اور تجربہ کبھی بھی بتایا نہیں جاتا، بیچا جاتا ہے۔آپ مجھے پچاس ہزار روپے دیں تو میں آپ کو سیٹ اپ بنا دیتا ہوں یا پھر پانچ ہزار روپے دیں میں آپ کو گائیڈ کر دیتا ہوں۔ لیکن میں یہاں فی سبیل اللہ آپ کے لئے محنت کررہا ہوں۔ اگر آپ ڈسپیچ سروسز پر کام کرنا چاہتے ہیں۔میں یہاں کچھ ای میل لکھ رہا ہوں، ان پر آپ اپنی سی ویCVبھیجیں، دو سے تین دن کے اندر اندر آپ کو انٹرویو کی کال آئے گی۔ لیکن کال سے پہلے پہلے کسی سے اپنا انگریزی میں دو، تین منٹ کا تعارف لکھوا لیں اور اسے رٹا لگا لیں۔ آپ سے کسی بھی مد میں کوئی فیس نہیں لی جائے گی بلکہ روزانہ کی بنیاد پر کھانا بھی دیا جائے گا۔ اگر آپ اتنا کر سکتے ہیں، تو ہمت کریں، سی وی بھیجیں اور لگ جائیں کام پر اور اپنے بھائی کو دعائیں دیں کہ اللہ تعالیٰ میرے لئے آسانیاں رکھے، جیسے میں محروم لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔
Email: hr@oakmountpvt.com
hr@graceenterprises.com.pk
Website :www.ibex.co

انتباہ

آپ کو سوشل میڈیا پر بہت سارے ایسے اشتہار چلتے ہوئے نظرا ٓئیں گے کہ ہمارا یہ کورس خریدیں اور گھر بیٹھے کمائیں۔ ان کورسز یا ٹریننگ سے فائدہ نہ ہونے کے برابر ہوتاہے۔ پیسے بھی ضائع اور وقت بھی برباد۔ لہذا اگر کچھ واقعی سیکھنا ہے تو اپنی سی و ی اٹھائیں اور دفاتر کے خود سے چکر لگائیں۔ پہلے دو تین مہینے اگر آپ کو پٹرول بھی اپنی جیب سے ڈالنا پڑے تو ڈال لیں، لیکن پیسے دے کر کوئی کورس یا کوئی بھی ٹریننگ حاصل نہ کریں۔ خیال پارے ❤ محمــــد طـــاھــⷶــⷨـــر 02 اپریل 2023ء)

اپنا تبصرہ بھیجیں