آسٹریلیا کو نوواک جو کو وچ کا ویزا منسوخ کرنا مہنگا پڑ گیا

کینبرا: آسٹریلوی عدالت نے عالمی نمبر ایک سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرنے کافیصلہ کالعدم قرارد یتے ہوئے رہائی کے احکامات جاری کر دیئے جبکہ حکومت کو ٹینس اسٹار کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم د یدیا۔

نوواک جوکووچ کی آسٹریلیا میں داخلے کے کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ حکومت ٹینس اسٹار کا ویزا منسوخ کرنے کی درست دلیل دینے میں ناکام رہی ہے لہٰذا جوکووچ کے ویزا منسوخی کا حکم منسوخ کردیا گیا ہے، جوکووچ کا ویزا درست ہے اور وہ آسٹریلیا میں داخل ہو سکتے ہیں۔

آسٹریلوی عدالت نے حکومت کو ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔ اس فیصلے کے بعد اب جوکووچ آسٹریلیا میں ہی قیام کرتے ہوئے آسٹریلین اوپن میں اپنے اعزاز کا بھی دفاع کرنے کے اہل ہوگئے ہیں۔

سربین ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی رہائی کے احکامات پر حکومتی وکیل نے عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر جوکووچ کا ویزا دوبارہ منسوخ کرنے پر غور کر سکتے ہیں، امیگریشن قانون کے تحت وزیر کو ویزا منسوخ کرنے کے غیرمعمولی اختیارات حاصل ہیں۔

آسٹریلوی میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر وزیر نے ویزہ منسوخی کا فیصلہ کیا تو جوکووچ پر آسٹریلیا میں داخلے پر3 سال کی پابندی لگ سکتی ہے۔

آسٹریلیا نے کورونا وائرس کے سخت قوانین کو پورا نہ کرنے پر عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کا ویزا منسوخ کرکے انہیں سرکاری حراستی ہوٹل میں حراست میں رکھا گیا تھا، اس اقدام کے خلاف جوکووچ کے وکلا نے عدالت میں اپیل دائر کی ہوئی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں